Saturday 25 August 2012

کل رات بزم میں جو ملا گلبدن سا تھا



کل رات بزم میں جو ملا گلبدن سا تھا
خوشبو سے اس کے لفظ تھے،چہرہ چمن سا تھا

دیکھا اسے تو بول پڑے اس کے خدوخال
پوچھا اسے تو چپ سا رھا،کم سخن سا تھا

تنہائیوں کی رت میں بھی لگتا تھا مطمئن
وہ شخص اپنی ذات میں اک انجمن سا تھا

سوچا اسے تو میں کئی رنگوں میں کھو گیا
عالم تمام اس کے حسیں پیراھن سا تھا

جو شاخ شاخ تھی وہ اسی کے لبوں سی تھی
جو پھول کھل گیا وہ اسی کے دہن سا تھا

وہ سادگی پہن کے بھی دل میں اتر گیا
اس کی ہر ادا میں عجب بھولپن سا تھا

آسماں سمجھ رھے تھے اسے شہر جاں کے لوگ
مشکل تھا اس قدر کہ میرے اپنے فن سا تھا

وہ گفتگو تھی اس کی،اسی کے لیے ھی تھی
کہنے کو یوں تو میں بھی شریک سخن سا تھا

تارے تھے چاندنی میں کہ تہمت کے داغ تھے
"محسن"کل آسماں بھی میرے کفن سا تھا

No comments:

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...
Blogger Wordpress Gadgets