Monday 14 January 2013

اسے گمان ہے کہ اس بن میں رہ نہیں سکتا


نہ جرم ِعشق نہ اس کی سزا کے بارے میں
ستم ظریف نے پوچھا انا کے بارے میں

خود اپنی ذات کا ادراک جو نہیں رکھتے
وہ بات کرنے چلے ہیں خدا کے بارے میں

ابھی سفر کا ہے آغاز حسن ِزن بہتر
برا نہ سوچ ابھی رہنما کے بارے میں

یہ کائنات جو حیرت کدہ ہے میرے لئے
سوال اٹھتے ہیں ارض و سما کے بارے میں

جسے وفا کی علامت سمجھتی تھی دنیا
وہ مجھ سے پوچھنے آیا وفا کے بارے میں

اسے گمان ہے کہ اس بن میں رہ نہیں سکتا
وہ جانتا نہیں میری انا کے بارے میں

کچھ اس طرح ہوا آغاز عشق کا تیمور
میں سوچ بھی نہ سکا انتہا کے بارے میں


No comments:

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...
Blogger Wordpress Gadgets