Thursday 21 February 2013

عمر بھر ڈھونڈتے رہنا ہے ہمیں تو اس کو



لاکھ ناکام سہی میں تو ہوں نازاں پھر بھی
ہر مسرت پہ ہے بھاری غمِ جاناں پھر بھی

عمر بھر ڈھونڈتے رہنا ہے ہمیں تو اس کو
اس کے ملنے کا نہ ہو کوئی امکاں پھر بھی

مانتا ہوں کہ مجھے ضبطِ فغاں کرنا ہے 
جانتا ہوں کہ نہیں کام یہ آساں پھر بھی

جب بہاروں کا نشاں بھی نہ خزاں نے چھوڑا
میری آنکھوں میں رہا رنگِ بہاراں پھر بھی 

عشق پابندِ وفا ساری جفائیں سہ کر
اپنے معیارِ وفا سے ہے پشیماں پھر بھی

ہم نے الٹے تو بہت کون و مکاں کے پردے
ہاتھ آیا نہ ترا گوشئہ داماں پھر بھی!!

مجھ کو معلوم تھا ظلمت کا فسوں طاری ہے 
میری پلکوں نے کیا جشنِ چراغاں پھر بھی

عمر بھر ہم نے کہے حسن کے قصے لیکن
تشنئہ لفظ رہے سینکڑوں عنواں پھر بھی

ہم نے توبہ کے بہت خود پہ بٹھائے پہرے 
کر گئی کام مگر فطرتِ انساں پھر بھی 

ہمسفر کوئی نہیں راہِ وفا میں۔۔۔ ۔ لیکن
دل یہ کہتا ہے کہ ہے ساتھ نگہباں پھر بھی

سختیاں جھیل چکے مشقِ ستم بھی دیکھی 
کھیل ہے اپنی نظر میں غمِ دوراں پھر بھی

ہم کو دیوانہ کہا سارے جہاں نے لیکن
ہم ہی نکلے غمِ جاناں کے نگہباں پھر بھی

دل ترے غم کے عوض عشرتِ دنیا چاہے 
لاکھ ناداں ہو اتنا نہیں ناداں پھر بھی

دل کو مانوس خزاں سے نہ کہیں کر لینا
آخر آئے گی یہاں فصلِ بہاراں پھر بھی 

میں اٹھاتا ہی رہا جرم و خطا کے طوفاں 
اس پہ چھائی ہی رہی رحمتِ یزداں پھر بھی

راحتیں لاکھ میسر ہوں قفس میں کیفی
دل کو ڈستا ہی رہے گا غمِ زنداں پھر بھی


No comments:

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...
Blogger Wordpress Gadgets