Pages

Saturday, 3 August 2013

سر پہ جھکتا ہوا بادل ہے کہ اک یاد کوئی


کب چراغوں کی ضرورت ہے ملاقاتوں میں
روشنی ہوتی ہے کچھ اور ہی ان راتوں میں

سر پہ جھکتا ہوا بادل ہے کہ اک یاد کوئی 
اور بھی گہری ہوئی جاتی ہے برساتوں میں

ایک خوشبو سی کسی موسمِ نادیدہ کی
آخری چیز بچی عشق کی سوغاتوں میں

یہ جو بنتا ہے اجڑتا ہے کسی خواب کے ساتھ
ہم نے اک شہر بسا رکھا ہے ان ہاتھوں میں

نقش کچھ اور بنائے گئے سب چہروں پر
بھید کچھ اور چھپائے گئے سب ذاتوں میں

شاعری، خواب، محبت، ہیں پرانے قصے
کس لیے دل کو لگائے کوئی ان باتوں میں

ہفت خواں یوں تو ملے عشق کے اس رستے پر
ہجر ہی منزلِ مقصود ہوئی، ساتوں میں

دست بردار ہوئے ہم تو تمناؤں سے
عمر گزری چلی جاتی تھی مناجاتوں میں

No comments:

Post a Comment