Showing posts with label کیفی اعظمی. Show all posts
Showing posts with label کیفی اعظمی. Show all posts

Tuesday, 16 April 2013

نذرانہ


تم پریشاں نہ ہو بابِ کرم وا نہ کرو
اور کچھ دیر پکاروں گا چلا جاؤں گا
اسی کوچے میں جہاں چاند اُگا کرتے ہیں
شبِ تاریک گزاروں گا چلا جاؤں گا

راستہ بھول گیا یا یہاں منزل ہے میری
کوئی لایا ہے یا خود آیا ہوں معلوم نہیں
کہتے ہیں حُسن کی نظریں بھی حسیں ہوتی ہیں
میں بھی کچھ لایا ہوں، کیا لایا ہوں معلوم نہیں

یوں تو جو کچھ تھا میرے پاس میں سب کچھ بیچ آیا
کہیں انعام ملا اور کہیں قیمت بھی نہیں
کچھ تمہارے لئے آنکھوں میں چھپا رکھا ہے
دیکھ لو اور نہ دیکھو تو شکایت بھی نہیں

ایک تو اتنی حسیں دوسری یہ آرائش
جو نظر پڑتی ہے چہرے پہ ٹھہر جاتی ہے
مسکرا دیتی ہو رسمآ بھی اگر محفل میں
اک دھنک ٹوٹ کے سینوں میں بکھر جاتی ہے

گرم بوسوں سے تراشا ہوا نازک پیکر
جس کی اک آنچ سے ہر روح پگھل جاتی ہے
میں نے سوچا ہے تو سب سوچتے ہوں گے شائید
پیاس اس طرح بھی کیا سانچے میں ڈھل جاتی ہے

کیا کمی ہے جو کرو گی میرا نذرانہ قبول
چاہنے والے بہت، چاہ کے افسانے بہت
ایک ہی رات سہی گرمیء ہنگامہءِ عشق
ایک ہی رات میں جل مرتے ہیں پروانے بہت

پھر بھی اک رات میں سو طرح کے موڑ آتے ہیں 
کاش تم کو کبھی تنہائی کا احساس نہ ہو
کاش ایسا نہ گھیرے راہِ دنیا تم کو
اور اس طرح کہ جس طرح کوئی پاس نہ ہو

آج کی رات جو میری طرح تنہا ہے
میں کسی طرح گزاروں گا چلا جاؤں گا
تم پریشاں نہ ہو بابِ کرم وا نہ کرو
اور کچھ دیر پکاروں گا چلا جاؤں گا


Thursday, 4 April 2013

جُھکی جُھکی سی نظر بیقرار ہے کہ نہیں



جُھکی جُھکی سی نظر بیقرار ہے کہ نہیں
دبا دبا سا سہی دل میں‌پیار ہے کہ نہیں

تو اپنے دل کی جواں دھڑکنوں کو گن کے بتا
میری طرح تیرا دل بیقرار ہے کہ نہیں

وہ پل کہ جس میں محبت جوان ہوتی ہے
اُس ایک پل کا تجھے انتظار ہے کہ نہیں

تیری اُمید پہ ٹھکرا رہا ہوں دنیا کو
تجھے بھی اپنے پہ یہ اعتبار ہے کہ نہیں

تیرا ذکر بھی آئے گا اس فسانے میں


بس ایک جھجھک ہے یہی حالِ دل سنانے میں
کہ تیرا ذکر بھی آئے گا اس فسانے میں

برس پڑی تھی جو رُخ سے نقاب اٹھانے میں
وہ چاندنی ہے ابھی تک میرے غریب خانے میں

اسی میں عشق کی قسمت بدل بھی سکتی تھی
جو وقت بیت گئے مجھ کو آزمانے میں

یہ کہہ کے ٹوٹ پڑا شاخِ گل سے آخری پھول
اب اور دیر ہے کتنی بہار آنے میں


Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...
Blogger Wordpress Gadgets