Sunday, 20 January 2013

میری چشمِ تمنا میں خواب اُس کے ہیں


گزر رہے ہیں جو مجھ پر عذاب اُس کے ہیں
کہ میری چشمِ تمنا میں خواب اُس کے ہیں

میں زخم زخم ہوں میرا نصیب ہیں کانٹے
وہ رنگ رنگ ہے سارے گلاب اُس کے ہیں

کتاب میری،قلم میرا،سوچ بھی میری
مگر جو لکھے میں نے وہ باب اُس کے ہیں

نہیں ہے مرے مقدر کا ایک بھی تارا
یہ کہکشاں یہ ماہ و آفتاب اُس کے ہیں

وصال و ہجر کا موسم اُسی کا موسم ہے
سوال میرے ہیں شاید جواب اُس کے ہیں

وہ میری ذات کا ایک مستند حوالہ ہے
کتابِ عشق کے سارے نصاب اُس کے ہیں

میں حیرتوں کے سمندر میں غرق ہوں اعجاز
تمام عکس سرِ سطحِ آب اُس کے ہیں


No comments:

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...
Blogger Wordpress Gadgets