Monday, 31 August 2015

آخر کیا مشکل میری پہچان میں ہے



مجھ کو دیکھنے والے تو کس دھیان میں ہے 
آخر کیا مشکل میری پہچان میں ہے 

اپنےہجر کے پسِ منظر میں جھانک مجھے 
میری سب روداد اِسی عنوان میں ہے 

کب سننے دیتی ہے شور سمندر کا 
پانی کی اِک بوند جو میرے کان میں ہے 

بن سوچے سمجھے توثیق نہیں کرتا 
کفر وہ شامل جو میرے ایمان میں ہے 

ٹانک دو اس میں اِک مصنوعی تتلی بھی 
کاغذ کا جو گلدستہ گلدان میں ہے 

حجرے میں گر کوئی بات ہوئی تو کیا 
تھوڑا سا شیطان تو ہرانسان میں ہے 

شوق تو یہ ہے آج کے فاتح کہلائیں 
جنگ ابھی تک ماضی کے میدان میں ہے 

پچھلی تحریروں کو بھول کے اے شاعر 
تیرا نیا قصیدہ کس کی شان میں ہے

No comments:

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...
Blogger Wordpress Gadgets