Wednesday 8 May 2013

اُس کی آنکھوں نے کہی کیسی کہانی مجھ سے



اُس کی آنکھوں نے کہی کیسی کہانی مجھ سے 
رات بھر روٹھی رہی نیند کی رانی مجھ سے

موسمِ ہجر میں ممکن ہے میری یاد آئے
آج تم لے لو کوئی تازہ نشانی مجھ سے

کیا کوئی سوچنا اور کیا کوئی شجرہ پڑھنا
اُس کے بارے میں سنو بات! زبانی مجھ سے

سامنے اُس کے میں خاموش کھڑی رہتی ہوں
چھین لی وقت نے کیوں شعلہ بیانی مجھ سے

مشرقی لڑکی ہوں، کردار نہیں بیچوں گی
چاہتی کیا ہے بھلا میری جوانی مجھ سے

ہجر میں اُس کی جلوں، راکھ کی صورت بکھروں!
کس لیے روٹھا ہے ساون کا یہ پانی مجھ سے

وہ دھنک رنگ، وہ خوشبو تُو کہاں چھوڑ آئی
پوچھتی ہے یہی ہر شام سہانی مجھ سے

میں تو ہاتھوں پہ حنا رنگ لئے بیٹھی تھی
ہجر نے چھین لی پوشاک بھی دھانی مجھ سے

ہجرتوں نے مری پہچان مِٹا دی نیہا
اب نہیں ہوگی کوئی نقل مکانی مجھ سے


No comments:

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...
Blogger Wordpress Gadgets