Tuesday 25 October 2011



تُو جب میرے گھر آیا تھا

میں اِک سپنا دیکھ رہا تھا


تیرے بالوں کی خوشبوںسے

سارا آنگن مہک رہا تھا


چاند کی دھیمی دھیمی ضَو میں

سانولا مکھڑا لَو دیتا تھا


تیری نیند بھی اُڑی اُڑی تھی

میں بھی کچھ کچھ جاگ رہا تھا


میرے ہاتھ بھی سُلگ رہے تھے

تیرا ماتھا بھی جلتا تھا


دو رُوحوں کا پیاسا بادل

گرج گرج کر برس رہا تھا


دو یادوں کا چڑھتا دریا

ایک ہی ساگر میں گرتا تھا


دل کی کہانی کہتے کہتے

رات کا آنچل بھیگ چلا تھا


رات گئے سویا تھا لیکن

تُجھ سے پہلے جاگ اُٹھا تھا

No comments:

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...
Blogger Wordpress Gadgets