Sunday 16 December 2012

کسی وقت شام ِملال میں مجھے سوچنا


نہ غبار میں نہ گلاب میں مجھے دیکھنا
میرے درد کی آب و تاب میں مجھے دیکھنا

کسی وقت شام ِملال میں مجھے سوچنا
کبھی اپنے دل کی کتاب میں مجھے دیکھنا

کسی دھن میں تم بھی جو بستیوں کو تیاگ دو
اسی راہ خانہ خراب میں مجھے دیکھنا

کسی رات ماہ و نجوم سے مجھے پوچھنا
کبھی اپنی چشم ِپُر آب میں مجھے دیکھنا

اسی دل سے ہو کر گزر گئے کئی کارواں
کئی ہجرتوں کے عذاب میں مجھے دیکھنا

میں نہ مل سکوں بھی تو کیا ہوا کہ فسانہ ہوں
نئی داستاں، نئے باب میں مجھے دیکھنا

میرے خار خار سوال میں مجھے ڈھونڈنا
میرے گیت میں میرے خواب میں مجھے دیکھنا

میرے آنسوؤں نے بجھائی تھی میری تشنگی
اسی بَر گزیدہ صحاب میں مجھے دیکھنا

وہی ایک لمحۂِ دید تھا کہ رُکا نہیں
میرے روز و شب کے حساب میں مجھے دیکھنا

جو تڑپ تجھے کسی آئینے میں نہ مل سکے
تو پھر آئینے کے جواب میں مجھے دیکھنا


No comments:

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...
Blogger Wordpress Gadgets