مری آنکھیں سلامت ہیں
مرا دل میرے سینے میں دھڑکتا ہے
مجھے محسوس ہوتا ہے
محبت کم نہیں ہوگی
محبت ایک وعدہ ہے
جو سچائی کی ان دیکھی کسی ساعت میں ہوتا ہے
کسی راحت میں ہوتا ہے
یہ وعدہ شاعری بن کر مرے جذبوں میں ڈھلتا ہے
مجھے محسوس ہوتا ہے
محبت کم نہیں ہوگی
محبت ایک موسم ہے
کہ جس میں خواب اگتے ہیں تو خوابوں کی ہری
شاخیں
گلابوں کو بلاتی ہیں
انہیں خوشبو بناتی ہیں
یہ خوشبو جب ہماری کھڑکیوں پر دستکیں دے کر
گزرتی ہے
مجھے محسوس ہوتا ہے
محبت کم نہیں ہوگی
No comments:
Post a Comment