Wednesday, 20 February 2013

تلاش کرتے ہوئے دُور مت نِکل جانا


تلاش کرتے ہوئے دُور مت نِکل جانا
یونہی بھٹکتے ہوئے دُور مت نِکل جانا

قیاس ہے وہ سرِ راہ تم کو مل جائے
یہ آس رکھتے ہوئے دُور مت نِکل جانا

پلٹ کے آنے کا پھر اختیار ڈھونڈو گے
سمَے کے ڈھلتے ہوئے دُور مت نِکل جانا

چراغ بجھتے ہوئے دیر کتنی لگتی ہے
چراغ جلتے ہوئے دُور مت نِکل جانا

محبتوں کا تو تِریاق ہی نہیں ممکن
یہ زہر چکھتے ہوئے دُور مت نِکل جانا

وصال، خواب ہے تم اس کو خواب رہنے دو
یہ خواب تکتے ہوئے دُور مت نِکل جانا

وفا کی رُت کو ملا ہے کبھی ثبات کہیں؟
یہ رُت بدلتے ہوئے دُور مت نِکل جانا

یہاں سے آگے تو خاروں کے سلسلے ہیں بتول
گلاب چُنتے ہوئے دُور مت نِکل جانا


No comments:

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...
Blogger Wordpress Gadgets