Friday, 26 April 2013

وہ جل تھل ہوا کہ الاماں



سردیوں کی طویل راتوں میں

بے ربط گفتگو تا وقتِ سحر

خامشی کے سلسلوں میں کہیں

تمھاری سرگوشیوں کی لہر

بے نام آنسوؤں کے سیلِ رواں میں

سسکیوں کا موہوم سا وقفہ

مجھے اب تلک یاد ہے وہ،

 آغازِ محبت کا پہلا مرحلہ

نہ جھگڑا خرد و جنوں کا

وفا جفا کے وعدے نہ قسمیں کوئی

سیدھی سی تھی سانسوں کی ڈور

اک دوسرے سے لپٹی ہوئی

لمحوں کی جو بات تھی وہ

سالوں میں ڈھلتی رہی بڑھتی رہی

باتوں سے جو بات نکلی تھی وہ

 سانسوں کی صورت چلتی رہی

نجانے کہاں سے آیا اچانک

پھر موسم تغافل کا، رنجشوں کا

کوئی اجنبی سا بادل جو لے کر آیا

نہ ٹوٹا پھر زور بارشوں کا

وہ جل تھل ہوا کہ الاماں

سالوں کی محنت سے جو تھا بنا

اک آن میں اجڑا

اپنے خوابوں کا آشیاں

اب، تنہائی کی طویل راتوں میں

رت جگے ہیں الجھنیں ہیں تا وقتِ سحر

خامشی کے سلسلوں میں گونجتی ہے

تمھاری سرگوشیوں کی موہوم لہر


No comments:

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...
Blogger Wordpress Gadgets