Thursday, 4 April 2013

وصل کا دن اور اتنا مختصر


تند مئے اور ایسے کمسن کے لیے
ساقیا! ہلکی سی لا اِن کے لیے

ہے جوانی خود جوانی کا سنگھار
سادگی گہنا ہے اس سن کے لیے

ساری دُنیا کے ہیں وہ میرے سوا
میں نے دُنیا چھوڑ دی جن کے لیے

وصل کا دن اور اتنا مختصر
دن گِنے جاتے تھے اس دن کے لیے

باغباں! کلیاں ہوں ہلکے رنگ کی
بھیجنی ہیں ایک کمسن کے لیے


جب سے بُلبل تُو نے دو تِنکے لیے
ٹوٹتی ہیں بِجلیاں ان کے لیے

کون ویرانے میں دیکھے گا بہار
پھول جنگل میں کِھلے کن کے لیے

سب حسیں ہیں زاہدوں کو نا پسند
اب کوئی حور آئے گی ان کے لئے

صبح کا سونا جو ہاتھ آتا امیر
بھیجتے تحفہ مؤذّن کے لیے


No comments:

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...
Blogger Wordpress Gadgets